بسم الله الرحمن الرحيم

اَلْحَمْدُ لِله رَبِّ الْعَالَمِيْن،وَالصَّلاۃ وَالسَّلام عَلَی النَّبِیِّ الْکَرِيم وَعَلیٰ آله وَاَصْحَابه اَجْمَعِيْن۔

غلط معلومات کو انٹر نیٹ کے ذریعہ رواج دینا

اِن دِنوں انٹر نیٹ کے ذریعہ کسی بھی پیغام کو Forward کرنے کا سلسلہ بڑی تیزی سے جاری ہے، چاہے ہم اس پیغام کو پڑھنے کی تکلیف گوارہ کریں یا نہیں، اور اسی طرح اس کی تحقیق کرنے کی ضرورت بھی سمجھیں یا نہیں کہ Email صحیح معلومات پر مشتمل ہے یا جھوٹ کے پلندوں پر۔ البتہ اس کو Forward کرنے میں انتہائی عجلت سے کام لیا جاتا ہے۔ جبکہ ایمیل ہمارے پاس Forward کرنے کے لئے نہیں بلکہ اصل میں پڑھنے کے لئے بھیجا گیا تھا۔
کسی شخص یا کسی گروپ پر غلط معلومات پر مشتمل ایمیل کو Forward کرنا ہمارے لئے جائز نہیں ہے ، خاص کر اگر وہ ایمیل دینی معلومات پر مشتمل ہو، کیونکہ اس سے غلط معلومات دوسروں تک پہونچے گی۔ مثال کے طور پر حال ہی میں ایک ایمیل بعض احباب کے پاس پہونچا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے ۵ نام کسی بھی ۱۱ مسلمانوں کو بھیج دیں تو ہماری بڑی سے بڑی پریشانی حل ہوجائے گی۔ ۔۔۔ ۔ اسی طرح بعض احباب کے پاس ایمیل پہونچا ہے کہ فلاں ایمیل اگر اتنے احباب کو بھیج دیں تو اس سے آپ کے فلاں فلاں مسائل حل ہوجائیں گے، ورنہ مسائل اور زیادہ پیدا ہوں گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ غرضیکہ اس طرح کے ایمیل کا قرآن وسنت سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ یہ عموماً جھوٹ اور فریب پر مشتمل ہوتے ہیں ۔ بعض احباب لاعلمی میں اس طرح کے ایمیل دوسروں کو Forwardکردیتے ہیں۔
علوم نبوت کے ساتھ دنیاوی علوم کو بھی حاصل کرنے کی اسلام نے ترغیب دی ہے، جیساکہ ہم جانتے ہیں کہ وحی کی ابتداء اقراء یعنی پڑھنے کے لفظ سے شروع ہوئی۔ نیز نبی اکرم ا نے ارشاد فرمایا: ہر مسلمان مردوعورت کے لئے علم کا حاصل کرنا ضروری ہے۔(ابن ماجہ)
موجودہ زمانہ میں تعلیم وتعلم کے لئے انٹرنیٹ کا بھی استعمال کیا جارہا ہے، یہ بھی اللہ کی ایک نعمت ہے بشرطیکہ اس کا صحیح استعمال کیا جائے۔ مگر بعض حضرات کچھ ایمیل کی چمک دمک دیکھ کر اس کو پڑھے بغیریا تحقیق کئے بغیر دوسروں کو Forwardکردیتے ہیں۔ آج کل انٹرنیٹ پر بے شمار گروپ بھی بنے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے ایمیل کو ایک مرتبہ Forward کرنے سے ہزاروں حضرات کو پیغام پہونچ جاتا ہے۔ اب اگر غلط معلومات پر مشتمل کوئی ایمیل Forward کیا گیا تو وہ غلط معلومات لوگوں میں رائج ہوتی جائیں گی، جس کا گناہ ہر اس شخص پر ہوگا جو اس کا ذریعہ بن رہا ہے۔ لہذا تحقیق کئے بغیرکوئی بھی ایمیل خاص کر دینی معلومات سے متعلق Forward کرنا گناہ ہے، جیساکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: آدمی کے جھوٹا ہونے کے لئے کافی ہے کہ وہ ہر سنی سنائی بات بلا تحقیق بیان کرے۔ (مسلم) ایک دوسری حدیث میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جس نے میری طرف منسوب کرکے جان بوجھ کر کوئی جھوٹی حدیث بیان کی تو وہ جھوٹ بولنے والوں میں سے ایک ہے۔(مسلم)
یاد رکھیں کہ انسان کے منہ سے جو بات بھی نکلتی ہے یا وہ لکھتا ہے تو وہ بات اس کے نامۂ اعمال میں لکھی جاتی ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: انسان منہ سے جو لفظ بھی نکالتا ہے، اس کے پاس نگہان (فرشتے اسے لکھنے کے لئے) تیاررہتے ہیں۔(سورہ ق ۱۸)
اسلامی تاریخ گواہ ہے کہ غلط خبروں کے شائع ہونے کی وجہ سے اسلام اور مسلمانوں کو بہت نقصان ہوا ہے، مثال کے طور پر غزوۂ احد کے موقع پر آپ اکے قتل ہونے کی غلط خبر اڑادی گئی تھی جس کی وجہ سے مسلمانوں کے پیروں تلے زمین نکل گئی تھی، جس کا نتیجہ تاریخی کتابوں میں موجود ہے۔ ۔۔۔ اسی طرح غزوۂ بنو مصطلق کے موقع پر منافقین نے حضرت عائشہؓ پر تہمت لگاکر غلط خبرپھیلائی تھی جس سے نبی اکرم ا کیِ شخصیت بھی متأثر ہوئی تھی۔ ابتداء میں یہ خبر منافقین نے اڑائی تھی لیکن بعد میں کچھ سچے مسلمان بھی اپنی لاعلمی کی وجہ سے اس میں شامل ہوگئے تھے۔۔۔۔ آخر میں اللہ تعالیٰ نے اپنے پاک کلام میں حضرت عائشہؓ کی برأت نازل فرمائی۔۔۔۔ اور اس واقعہ میں اللہ تعالیٰ نے جھوٹی خبر پھیلانے والوں کی مذمت کی جنہوں نے ایسی غلط خبر کو رائج کیاکہ جس کے ذریعہ حضرت عائشہؓ کے دامن عفت وعزت کو داغ دار کرنے کی مذموم کوشش کی گئی تھی، ارشاد باری ہے: ان میں سے ہر ایک شخص پر اتنا گناہ ہے جتنا اس نے کمایا ہے اور ان میں سے جس نے اس کے بہت بڑے حصہ کو سر انجام دیا ہے اس کے لئے عذاب بھی بہت بڑا ہے۔(سورہ النور ۱۱)
آج کل مغربی ممالک کی بعض Websites اسلام سے متعلق مختلف موضوعات پرReferendum کراتی رہتی ہیں۔ انReferendum میں بعض ہمارے بھائی کافی جذبات سے شریک ہوتے ہیں، اور اپنی صلاحیتوں کا ایک حصہ اس میں لگا دیتے ہیں۔ میرے عزیز دوستو! عموماً اس طرح کی تمام Websites اسلام کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے کے لئے ہی استعمال کی جاتی ہیں، ان پر کوئی توجہ نہیں دینی چاہئے ، جیساکہ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا ہے: اے ایمان والو! اگر تمہیں کوئی فاسق خبر دے تو تم اس کی اچھی طرح تحقیق کرلیا کرو، ایسا نہ ہو کہ نادانی میں کسی قوم کو ایذاء پہنچادو، پھر اپنے کئے پر پچھتاؤ۔ (سورہ الحجرات ۶) نیز اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا: جو لوگ مسلمانوں میں بے حیائی پھیلانے کے خواہاں رہتے ہیں ، ان کے لئے دنیا وآخرت میں دردناک عذاب ہے۔(سورہ النور ۱۹)
اسلام کی فطرت میں قدرت نے لچک دی ہے جتنا ہی دباؤ گے اتنا ہی وہ ابھرے گا
خلاصہ کلام:
چونکہ انٹرنیٹ بھی اللہ تعالیٰ کی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے ، اس کو ہمیں اپنے شخصی وتجارتی مراسلات کے ساتھ‘ زیادہ سے زیادہ دین اسلام کی تبلیغ اور علوم نبوت کو پھیلانے کے لئے استعمال کرنا چاہئے۔ لہذا اگر صحیح دینی معلومات پر مشتمل کوئی ایمیل مستند ذرائع سے آپ تک پہونچے تو آپ اس ایمیل کو پڑھیں بھی، نیز دوست واحباب اور گروپ کو بھی Forward کریں تاکہ اسلام اور اس کے تمام علوم کی زیادہ سے زیادہ اشاعت ہوسکے۔ لیکن اگر آپ کے پاس ایمیل غیرمعتبر ذرائع سے پہونچے تو اس ایمیل کو بغیر تحقیق کئے Forward نہ کریں۔
محمد نجیب قاسمی، ریاض